ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / انکولہ میں اترکنڑا ضلع کے پہلے پاسپورٹ سروس سینٹر کا افتتاح : شروعات کے ساتھ ہی ہبلی اور منگلورو سے عوام کو ملے گا چھٹکارا

انکولہ میں اترکنڑا ضلع کے پہلے پاسپورٹ سروس سینٹر کا افتتاح : شروعات کے ساتھ ہی ہبلی اور منگلورو سے عوام کو ملے گا چھٹکارا

Fri, 25 Jan 2019 20:42:24    S.O. News Service

بھٹکل :25؍جنوری (ایس او نیوز)بھٹکل سے قریب سو کلو میٹر دور اور  ضلع کے مرکزی مقام کاروار سے 35کلومیٹر دور انکولہ میں  اترکنڑا ضلع کے پہلے پاسپورٹ خدماتی مرکز  کا آج جمعہ کو مرکزی وزیر اور اُترکنڑا کے رکن پارلیمان آننت کمار ہیگڈے کے ہاتھوں خوبصورت افتتاح عمل میں آیا، جس کے ساتھ ہی اب ضلع کے  12تعلقہ جات کے عوام کوہبلی یا منگلورو جانے کی مشکلات سے چھٹکارا مل جائے گا۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  اننت کمار ہیگڈے نےکہاکہ اترکنڑا ضلع کے عوام کا ایک اہم مطالبہ پورا کیا گیا ہے،اب یہاں  پاسپورٹ دفتر کے قیام سے عوام کو بہت ساری سہولیات میسر ہونگی ۔

محکمہ پوسٹ کے سپرنٹنڈنٹ  نند کمار ایس نے بتایا کہ انڈین پوسٹ اور  وزارت خارجہ کے اشتراک سے انکولہ میں پوسٹ آفس پاسپورٹ سروس سینٹر  کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی  ضلع کے عوام انکولہ آفیس میں پاسپورٹ کے لئے عرضی دے سکتے ہیں۔ پاسپورٹ سینٹر  میں دستاویزات کی جانچ سمیت   تمام کارروائیاں یہیں انجام دی جائیں گی جب کہ پاسپورٹ تیار ہونے کے بعد ریجنل پاسپورٹ سیوا کیندر کی طرف سے متعینہ مدت میں فراہم کیا جائے گا۔

نند کمار نے بتایا کہ انکولہ میں پاسپورٹ کا خدماتی مرکز  قائم ہونے کے ساتھ ہی ضلعی عوام کی ایک دیرینہ مانگ پور ی ہوگئی  ہے، روزگار اور دیگر کاموں کے لئے ضلع کے بے شمار لوگ بیرونی ممالک جاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہبلی پاسپورٹ سروس سینٹر  میں انجام دی جانے والی تمام کارروائیاں اب یہیں  انجام دی جائیں گی۔ پاسپورٹ دستاویزات کی  جانچ ہونے کے بعد متعلقہ پتہ پر پاسپورٹ بھیج دیا جائے گا۔ محکمہ کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ انکولہ کا پاسپورٹ سینٹر   ’بی ‘ اسٹیج دفتر ہوگا جہاں ڈاٹا فیڈنگ ، تصحیح اور جانچ وغیرہ کی جائے گی۔ زائد تعداد میں عرضیاں موصول ہونے پر محکمہ پاسپورٹ سے ایک اپرول آفیسر انکولہ کے دفتر میں نامزد کیاجائے گا۔


Share: